Saturday, December 22, 2012

ورزش کا اصول

Exercise Golden Rule
ورزش کے ضمن میں ایک اصول ضروری ہے‘ ورزش ہلکی پھلکی ہونی چاہیے اور اعتدال کے ساتھ روزانہ ہونی چاہیے‘ اتنی ورزش نہ کی جائے کہ بدن تھک جائے اور جوڑ دکھنے لگیں۔ شروع شرع میں تھوڑی ورزش کی جائے۔ رفتہ رفتہ اضافہ کیا جائے۔ بقول ڈاکٹر محمد عالمگیر خان غذائی عادتیں بدلنے کے ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ورزش بھی کی جائے۔ خود میں چربیلے مادے (کولیسٹرول) اور بعض دوسرے غیر ضروری مادے کم کرنے کا یہ بڑا اچھا طریقہ ہے۔ اس سے خون کا دورہ بہتر ہو جاتا ہے۔ بد قسمتی سے آج کی تیز رفتار دنیا میں ورزش کی طرف بہت کم دھیان دیا جاتا ہے۔ انتہائی مصروف آدمی بھی ورزش کر سکتا ہے:۔ کام کی مصروفیت میں اگر چلنے پھرنے ‘ حرکت کرنے کا کوئی موقع نکلے تو اسے ضائع نہ کیا جائے۔ موقع نہ نکلے تو نکالاجائے۔ روٹی کھانے اور ضروریات سے فارغ ہونے کا موقع بھی تو نکالا ہی جاتا ہے۔ مثال کے طور پر دفتری فرائض کی ادائیگی میں بیٹھ کر تھکا دینے والا کام کرنا پڑے تو فائلوں میں کاغذ لگاتے ہوئے اور کچھ نہ بن پڑے تو ٹانگیں ہی ہلاتے رہیں ‘ ان سے بھی کچھ نہ کچھ فائدہ پہنچ جاتا ہے۔ ورزش کا ایک مفید طریقہ یہ بھی ہے کہ گھر سے دفتر تک اور دفتر سے گھر تک پیدل آئیں جائیں ۔ فاصلہ زیادہ ہو تو کچھ دور پیدل جائیں۔ یہ عادت ان لوگوں کو تو ضرور ہی ڈالنی چاہیے جو سیر یا ورزش کےلئے کوئی وقت مقرر نہیں کر سکتے۔ جسم و جان کی صحت و سلامتی کےلئے ورزش ضروری ہے۔ گاﺅں کے جفا کش کاشت کار‘ پہاڑوں کے رہنے والے اور محنت کش اتنا کام کر لیتے ہیں کہ انہیں ورزش کی ضرورت نہیں پڑتی لیکن جو لوگ بیٹھ کر کام کرتے ہیں انہیں ضرور ورزش کرنی چاہیے انہیںورزش کیلئے ضرور بالضرور وقت نکالنا چاہیے۔ ورزشوں میں سب سے اچھی ‘ سب سے فائدہ بخش اور پر لطف ورزش سیر ہے۔ یہ ایسی ورزش ہے جسے آدمی ہر عمر اور ہر موسم میں کر سکتا ہے۔
معمولی ورزش
عام لوگوں کو سخت ورزش کی ضرورت نہیں۔ انہیں صرف اتنی ورزش کی ضرورت ہے جو انہیں چست رکھ سکے۔ کھانا ہضم کر کے جزو بدن بنا سکے اور تندرستی قائم رکھ سکے۔
سخت ورزش

کھلاڑیوں‘ پہلوانوں‘ تنسازوں‘ وزن اٹھانے والوں‘ مقابلہ میں حصہ لینے والے تیراکوں اور کشتی کھیلنے والوں کو سخت ورزش کرنا پڑتی ہے۔ 

No comments:

Post a Comment